ڈینگی، پنجاب میں 5 افراد جاں بحق، اسلام آباد کی صورتحال بھی خراب
لاہور/ فیروز والہ (نوائے وقت رپورٹ‘ صباح نیوز‘ نامہ نگار) پنجاب میں ڈینگی کا شکار ہوئے مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اسلام آباد میں ڈینگی سے صورتحال خراب ہو گئی ہے اور وہاں مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یہاں گزشتہ روز 11 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ متاثرہ افراد کی مجموی تعداد چار ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ پنجاب میں مزید 525 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہاں کیسز کی مجموعی تعدادی 18175 ہو گئی۔ پنجاب میں اموات کی مجموعی تعداد 68 ہو گئی۔ لاہور میں مریضوں میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 1524 مریض داخل ہیں۔ اسلام آباد میں ڈینگی سے صورتحال بگڑنے لگی۔ اموات کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔ خیبر پی کے میں بھی ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ مزید 247 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گذشتہ 24گھنٹوں میںراولپنڈی سے ڈینگی کے 28، گوجرانولہ سے 12، سرگودھا سے 8، اوکاڑہ سے 7 جبکہ ملتان اور شیخو پورہ سے 5، 5 مریض رپورٹ ہوئے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی بخار سے لاہور میں 4 اور راولپنڈی میں 1 مریض دم توڑ گیا۔ لاہور کے مضافاتی علاقے فیروز والہ میں ڈینگی سے مرنے والا پولیس اہلکار سابق چیئرمین ونڈالہ دیال شاہ کا بیٹا محمد اکرم بھٹی ہے۔ رواں سال صوبے میں ڈینگی بخار سے اموات کی تعداد 68 ہو گئی۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 2 ہزار 187 اور لاہور کے ہسپتالوں میں 1 ہزار 524 مریض داخل ہیں۔