• news

پی ڈی ایم غیر ملکی ایجنڈے پر، لانگ ہو یا شارٹ مارچ گھبرانے والے نہیں: شاہ محمود

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ پی ڈی ایم کی جماعتیں فیڈریشن کی مخالف ہیں۔ اس میں شامل جماعتوں کا  کوئی نظریہ ہے اور نہ کوئی ایجنڈا۔ لانگ مارچ ہو یا شارٹ مارچ گھبرانے والے نہیں۔ پی ڈی ایم احتجاج اور مارچ کا شوق پورا کرے۔ ماضی کی تحریکوں کی طرح اس دفعہ بھی پی ڈی ایم کو مایوسی ہوگی۔ حکومت گرانے کی خواہش‘ خواہش ہی رہے گی۔ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو فیڈریشن کی حامی اور قومی سیاسی جماعت  ہے۔ جس کا ایجنڈا قومی اور جس کی جڑیں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہیں۔ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی۔ اسمبلی سے باہر بیٹھنے والے وقت کا انتظار کریں۔ 2023ء کے انتخابات میں بھی تحریک انصاف اقتدار میں آئیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156 میں سورج کنڈ روڈ اور سوئی گیس روڈ کی تکمیل کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف کو کمزور ملکی معیشت ورثے میں ملی۔ اقتدار ملا تو خزانہ خالی اور ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا۔ ملک کو اندرون و بیرونی سطح پر بحرانوں کا سامنا تھا۔ ابھی بھی ہمارے سامنے بہت سے چیلنجز ہیں جن کا ہم نے مقابلہ کرنا ہے۔ مہنگائی بھی ہمارے لئے  ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔  مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے۔کرونا کے بعد پوری دنیا اس وقت مشکلات میں ہے۔ سب کو مہنگائی کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صرف پاکستان میں اس کا تاثر دینا غلط ہے۔ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور اشیاء خوردونوش کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ کا اثر پاکستان میں بھی ہوا ہے۔ اس وقت ہماری پہلی ترجیح عوام کو عالمی سطح پر مہنگائی کے رحجان کے اثرات سے بچانا اور اس کیلئے حکومت کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن