• news

حریت وفد کی او آئی سی نمائندہ سے ملاقات، کشمیریوں کی حمایت پر اظہار تشکر

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک وفد نے گزشتہ روز اسلام آباد میں او آئی سی کے خصوصی نمائندہ برائے جموں و کشمیر سے ملاقات کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے او آئی سی کی مستقل حمایت پر خصوصی ایلچی کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے خصوصی ایلچی کو بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں سنگین انسانی حقوق اور انسانی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 5 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارت اب کشمیری عوام کو حق رائے دہی سے محروم کرنے اور بھارتی مقبوضہ کشمیر کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ وفد نے واضح طور پر ان اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ کشمیری وفد نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارتی قابض افواج کی طرف سے کسی بھی قسم کا جبر کشمیری عوام کے عزم کو بھارتی قبضے سے آزاد کرانے کے جذبے کو پست نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیریوں کی دلیرانہ جدوجہد جلد ہی کامیابی حاصل کرے گی۔  خصوصی ایلچی نے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے او آئی سی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن