• news

تحریک لبیک پر پابندی ختم

اسلام آباد+گجرات+وزیر آباد   (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی جس کے بعد وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹی ایل پی کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تنظیم نے آئین پاکستان اور پاکستانی قوانین کی پاسداری کی یقین دہانی کرائی جبکہ پنجاب کابینہ نے تحریک لبیک پر سے پابندی ہٹانے کی سفارش کی تھی۔ قبل ازیں وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے پابندی ہٹانے کی منظوری دی تھی۔ تحریک لبیک پاکستان سے کو کالعدم جماعتوں کی فہرست سے نکالنے کا نوٹیفکیشن چھٹی کے دن جاری کیا گیا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے نوٹیفکیشن جاری ہونے کی تصدیق کر دی۔ علاوہ ازیں حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان معاہدے پر عملدرآمد کے معاملے پر اسلام آباد میں سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیر مملکت علی محمد خان کی زیر صدارت سٹیئرنگ کمیٹی کے پانچویں اجلاس میں معاہدے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ راجہ بشارت نے معاہدے کے تمام نکات پر عملدرآمد کی رپورٹ اجلاس میں پیش کی۔ اور بتایا ٹی ایل پی کا نام کالعدم فہرست سے نکال دیا گیا۔ دہشت گردی کیسز میں تنظیم کے چار رہنماؤں کی ضمانت بھی منظور کر لی گئی۔ شوریٰ کے چار رہنما لاہور سے وزیر آباد روانہ ہو گئے۔ شوریٰ ارکان آج دھرنا ختم کرائیں گے۔ اجلاس میں رہائی پانے والے کارکنوں کی فہرست پر مشاورت کی گئی۔ فورتھ  شیڈول میں شامل قیادت اور کارکنوں کی فہرست پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ علی محمد خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے معاہدے کے اہم نکات پر عملدرآمد ہو چکا ہے۔ تحریک لبیک پاکستان کے تعاون پر مشکور ہیں۔تحریک لبیک کے دھرنے کے شرکاء کو گجرات کی حدود میں داخلے سے روکنے کیلئے دریائے چناب کے پل پر کھودی گئی خندقیں بھر دی گئیں۔ جبکہ خار دار تاریں‘ کنٹینرر‘ رینجر‘ پولیس‘ ایلیٹ فورس کے 14 روز سے تعینات نوجوانوں کو بھی ہٹا دیا گیا۔ لاہور سے اسلام آباد جانیوالی ٹریفک کیلئے استعمال ہونیوالا پل دو طرفہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا اور گجرات سے لاہور جانیوالا پل پر تاحال رکاوٹیں برقرار رہیں۔ وزیر آباد میں موجود ہیں تاہم سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بحال اور روز مرہ زندگی معمول پر آنا شروع ہو گئی۔ ٹی ایل پی کے مطابق مظاہرین وزیر آباد کے پارک میں لگائے گئے۔ خیموں میں موجود ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن