چین، پاکستان برآمدی، درآمدی تجارت حوصلہ افزا ہے: سفیر معین الحق
شنگھائی(آئی این پی ) چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ چین پاکستان برآمدی اور درآمدی تجارت بہت حوصلہ افزا ہے، میں اندازہ لگا سکتا ہوں کہ اگلے 3 سے 5 سالوں میں اتنی بڑی مارکیٹ میں پاکستان کی چین کو برآمدات دگنی ہو جائیں گی اور پاکستانی تاجروں اور کمپنیوں کی چین کے ساتھ تجارت میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق چوتھی چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو5 نومبر سے شنگھائی میں شروع ہو چکی ہے جو10 نومبر تک جاری رہے گی ، اس ایکسپو میں 127 ممالک اور خطوں کے تقریبا 3,000 کاروباری شامل ہیں۔ پاکستان کے سفیر معین الحق نے ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا دورہ کیا اور پاکستانی نمائش کنندگان کے ساتھ تجارتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ چوتھی چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کے موقع پر چین میں پاکستانی سفیر معین الحق نے گوادر پرو کو خصوصی انٹرویو میں کہا سی آئی آئی ای چین کی ایک فلیگ شپ ایکسپو ہے اور مجھے اس کا پورا کریڈٹ چینی حکومت خصوصا صدر شی جن پنگ کو دینا چاہیے۔ اس ایکسپو کا آغاز کرنا ان کا خیال تھا۔ پاکستان پہلی سی آئی آئی ای کے بعد سے ایک بہت فعال شراکت دار رہا ہے۔ یہ ایک منفرد ایکسپو ہے کیونکہ زیادہ تر ممالک کی تجارتی نمائش برآمدات پر مبنی ہے اور سی آئی آئی ای درآمد پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا سی آئی آئی ای چین کے کھلنے کی مثالوں میں سے ایک ہے، جس نے نہ صرف چین بلکہ بی آر آئی ممالک کے لیے بھی بڑھتی ہوئی معیشت کو فروغ دیا ہے۔ سفیر معین الحق نے کہا کہ سی آئی آئی ای بیرونی ممالک، غیر ملکی کمپنیوں کو اپنی مصنوعات کی نمائش، فروغ اور چین کو برآمد کرنے کا موقع فراہم کر تی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان بھی اس ایکسپو کا حصہ ہے، اور ہم نے سی آئی آئی ای سے بہت فائدہ اٹھایا ہے۔