• news

پاکستان،ایران کا چاول کی  بارٹر تجارت:سرحدی منڈیوں کی تعمیرپر اتفاق


کوئٹہ+ اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے  تجارت و سرمایہ کاری  عبدالرزاق  داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران نے چاول کی بارٹر تجارت اور  سرحدی منڈیوں  کی تعمیر پر اتفاق کیا ہے۔ ٹی آئی آر  کے تحت پاکستانی ٹرکوں کی آمدورفت اور کسٹمز تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ان اقدامات سے پاکستانی برآمدات، تجارت اور  رابطوں میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو تہران میں   پاکستان ایران مشترکہ تجارتی کمشن  کے  اجلاس کے موقع پر ایران کے شاہراہوں اور  شہری ترقی کے وزیر  رستم قاسمی سے ملاقات کے دوران  گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان زمینی سرحدوں اور سڑک کے ذریعے رابطے کے ذریعے تجارت اور  بلا تعطل نقل و حمل کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ مشیر تجارت  نے دونوں طرف سے گاڑیوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے موجودہ دوطرفہ معاہدوں کے مطابق سڑکوں پر نقل و حمل اور ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں  کمی پر زور دیا۔ فریقین نے  پاکستان سے ایران کے راستے ترکی اور آذربائیجان کو ٹی آئی آر کے ذریعے کھیپ کی ترسیل کی کامیابی  پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹی آئی آر کی ترسیل سے متعلق طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ پر پاک ایران مشترکہ کمیٹی کا اگلا اجلاس جلد منعقد کرنے پر اتفاق کیا تاکہ ٹی آئی آر کھیپ کی نقل و حمل سے متعلق جلد بہتری لائے جاسکے۔  عبدالرزاق  داؤد نے پاکستان ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی کے نویں اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر زراعت ڈاکٹر سید جواد ساداتی نژاد سے بھی ملاقات کی۔  زرعی تعاون کے وسیع تر  فروغ  کے لیے  امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے  ایرانی وزیر کو  دو طرفہ زرعی تجارت میں رکاوٹوں کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے حالیہ پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا اور ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں میں باہمی کمی کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں فریقوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باقاعدہ تبادلوں اور بہترین طریقوں کے اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔پاک ایران بارٹر ٹریڈ (Barter Trade) معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔ جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی کے نویں اجلاس کے اختتامی سیشن میں ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر فدا حسین دشتی اور زاہدان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر  عبدالحکیم ریگی نے دستخط کئے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور ایرانی ہم منصب نے بھی تجارتی معاہدے پر دستخط کئے۔ عبدالرزاق داؤ نے کہا کہ ان کی ایران آمد باعث فخر ہے۔ ہم اپنے برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ بہتر تجارتی تعلقات کے خواہاں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن