ڈسکہ الیکشن رپورٹ‘ حکومت نے سازش کی، آرٹیکل 6 لگنا چاہئے: شاہد خاقان
اسلام آباد (خبر نگار) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ڈسکہ الیکشن انکوائری رپورٹ سے ثابت ہو گیا ہے کہ حکومت نے ووٹ چوری کرنے کیلئے سازش کی حکومت پر آرٹیکل 6 لگنا چاہئے۔ وہ گزشتہ روز یہاں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انکوائری رپورٹ نے ثابت کر دیا ڈسکہ کا انتخاب شفاف نہیں تھا۔ شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ڈپٹی کالجز سیالکوٹ نے تمام پریذائیڈنگ افسران کو بلایا اور ہدایات دیں رپورٹ میں تمام افسران کے نام موجود ہیں۔ ساڑھے چار بجے پولنگ سٹیشن بند کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ پولیس نے الیکشن کمیشن کے عملے کو ڈرایا دھمکایا، انہوں نے کہا کہ چھانگا مانگا میں کیا ہوا تھا مجھے معلوم نہیں ملکی مسائل کی اصل وجہ ہے یہ کبھی شفاف انتخابات نہیں ہوئے۔ الیکشن کرانا حکومت کا نہیں الیکشن کمیشن کا کام ہوتا ہے۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ میری ناقص رائے میں حکومت کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔ سازش کے تحت الیکشن چوری کرایاگیا۔ ڈسکہ الیکشن چوری میں انتظامیہ مددگار بنی۔ امید ہے الیکشن کمیشن ملوث کرداروں کو سزائیں دے گا، انہوں نے مزید کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ عدلیہ ڈسکہ انکوائری رپورٹ پر از خود نوٹس لے گی۔ اس پر وہ کارروائی کریں گے جس کے بعد پاکستان میں کسی کو ووٹ چوری کرنے کا خیال بھی نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کی آڑ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین لانے کا مقصد واضح ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو ادراک ہے کہ انہیں آئندہ عام انتخابات میں تاریخی مار پڑے گی۔