• news

جماعت اسلامی کے مہنگائی کیخلاف مظاہرے، آئی ایم ایف کے غلام تباہی لائے: مقررین


تاندلیانوالہ، راجن پور (نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت) جماعت اسلامی تاندلیانوالہ کی جانب سے مہنگائی کے خلاف مارچ اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور نعرے بازی کی گئی۔ نائب امیر صوبہ پنجاب سردار ظفر حسین اور ضلعی امیر جماعت اسلامی فیصل آباد پیر مدثر شاہ نے شرکت کی۔ مظاہرہ نائب امیر صوبہ پنجاب سردار ظفر حسین،ضلعی امیر فیصل آباد پیر مدثر شاہ کی قیادت میں کیا گیا۔ کارکنان اور شہریوں کی کثیر تعداد نے بڑی گرمجوشی سے شرکت کی۔ مہنگائی مارچ لاری اڈا سے شروع ہو کر ڈاکخانہ چوک پہنچا۔ شرکاء پر گل پاشی کی گئی۔ ضلعی امیر پیر مدثر شاہ نے کہا کہ حکومت مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کر کے عوام کا جینا محال کر رہی ہے۔ سراج الحق کی قیادت میں پاکستان بھر میں مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی احتجاجی مظاہرے جاری رکھیں گے۔ بڑھتی مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف جماعت اسلامی راجن پور شہر کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو دفتر جماعت اسلامی سے شروع ہوکر ڈیمس گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ قیادت حافظ عمر فاروق خواجہ امیر جماعت اسلامی راجن پور شہر نے کی۔ حافظ عمر فاروق خواجہ، محمد اشرف بندیشہ، عبدالمالک قریشی، عبداللطیف قریشی، علاؤ الدین مزاری، محمد آصف پٹھان و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے الیکشن سے قبل کنٹینر پر چڑھ کر بلند  بانگ دعوے کئے مگر کسی ایک پر بھی عمل نہ ہوسکا۔ ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 200 گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے غلاموں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن