• news

حکومتی نااہلی کے باعث ڈینگی پنجاب میں تباہی پھیلا رہا: حمزہ شہباز 


لاہور (خصوصی رپورٹر) ڈینگی ادویات کی قلت اور تشویشناک پھیلاؤ پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نااہلی کے سبب ڈینگی پنجاب میں تباہی پھیلا رہا ہے۔ جہاں اب بھی روزانہ سیکڑوں کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اور لوگ اپنے پیاروں کو کھو رہے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے حکومتی عدم توجہی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ سپرے اورلاروے کی تلفی کے لئے معمول کے اقدامات سے مجرمانہ غفلت برتنے کی بنا پر ڈینگی قیامت بن کر ٹوٹا، جس سے پنجاب میں اب تک رواں برس کیسز 18 ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں۔ جبکہ صرف لاہور سے 13 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 68 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ تحریک انصاف جس کی حکومت خیبرپختونخوا میں بھی ہے وہاں پر بھی ڈینگی کے 7 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں اور 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ادویات کی قلت پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پیناڈول کی گولی مارکیٹ سے غائب ہے اور دیگر ادویات کی بھی قلت ہے۔ 10 روپے میں ملنے والی دوا اب تو 30 روپے میں بھی نہیں مل رہی۔ ڈینگی میں استعمال ہونے والی بلڈ ٹرانسفیوژن کٹس بھی نایاب ہیں۔ حمزہ شہباز نے پنجاب حکومت کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بھی ریمارکس دے چکا ہے کہ پنجاب حکومت ڈینگی وائرس کی روک تھام کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن