• news

بلوچستان کابینہ نے حلف اٹھا لیا، 5 مشیروں کا بھی اعلان


کوئٹہ (بیورورپورٹ +اے پی پی) بلوچستان میں وزیر اعلی کی تبدیلی کے بعد 14 رکنی نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے۔  اتوار کو  گورنر ہائوس میں وزراء کی حلف برداری کی سادہ پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے 14 اراکان صوبائی اسمبلی سے بحیثیت صوبائی وزراء حلف لیا جس میں سردار عبدالرحمن کھیتران، میر اسداللہ بلوچ، میر سکندر خان عمرانی، حاجی اکبر آسکانی، حاجی نور محمد دمڑ، نوابزادہ طارق خان مگسی، میر نصیب اللہ مری، حاجی محمد خان لہڑی، میر ظہور احمد بلیدی، سردار صالح محمد بھوتانی، سید احسان شاہ، عبدالخالق ہزارہ، مبین خان خلجی، انجینئر زمرک خان اچکزئی شامل ہیں۔  تقریب میں وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سمیت اراکین صوبائی و قومی اسمبلی قبائلی معتبرین افسران و مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پانچ مشیروں کی تقرری کی بھی منظوری دی جس میں نوابزادہ میر گہرام خان بگٹی، عبدالرشید بلوچ، سردار مسعود خان لونی، میر نعمت اللہ خان زہری، اور میر ضیا لانگو شامل ہیں۔ ان مشیروں کا عہدہ صوبائی وزراء کے مساوی ہوگا۔ وزراء کو قلمدان  بعد میں سونپے جائیں گے۔کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق  بلوچستان کی نئی کابینہ میں سابق وزیراعلیٰ جام کمال خان کی کابینہ کے 8اراکین شامل نہیں کئے گئے۔ جبکہ جام کمال خان کی کابینہ میں شامل صوبائی وزیر میر ضیاء لانگو کو نئی کابینہ میں وزیراعلیٰ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کی 19رکنی کابینہ میں کوئی بھی خاتون شامل نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن