ووٹرزفہرستوں کی تصدیق شروع آئندہ الیکشن میں نوجوانوں کا کردار اہم
اسلام آباد/ لاہور (نامہ نگار+ این این آئی+ نیوز رپورٹر) الیکشن 2023ء کیلئے انتخابی فہرستوں کی تصدیق کا عمل گزشتہ روز دو نومبر سے شروع ہو گیا ہے جو 6 دسمبر تک جاری رہے گا۔ آئندہ الیکشن میں 35 سال سے کم عمر ووٹرز کا تناسب بڑھ گیا ہے جو آئندہ الیکشن میں اہم کردار ادا کریگا۔ دوسری طرف خیبر پی کے میں بلدیاتی الیکشن 19 دسمبر کو ہونگے جن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل جاری ہے جو 10نومبر تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بتایا ہے کہ پہلے مرحلے میں انتخابی فہرستوں کی تصدیق 7نومبر تا 6دسمبر کی جائے گی۔ الیکشن کمشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ دوسرا مرحلہ 26جنوری 2022 سے 11مارچ 2022 پر محیط ہو گا۔ الیکشن کمشن آف پاکستان کا مزید کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں انتخابی فہرستوں کو ڈسپلے سینٹرز میں آویزاں کیا جائے گا۔ الیکشن کمشن آف پاکستان نے ہدایت کی ہے کہ شہری شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتے پر ووٹ ٹرانسفر کروا سکتے ہیں۔ پاکستان میں ووٹرز کی عمر کے لحاظ سے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پاکستانی نوجوان 2023ء کے عام انتخابات کے نتائج کے تعین میں اہم کردار ادا کریں گے۔ الیکشن کمشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق 35 سال سے کم عمر کے ووٹرز کا تناسب 45.84 فیصد تک ہے جو انہیں ایسی پوزیشن میں ڈال دیتا ہے جہاں ان کی فعال شرکت سے بہت سے حلقوں میں ان کی پسند کے امیدوار کے حق میں ترازو جھکا رہے گا۔ کل 12 کروڑ 10 لاکھ ووٹرز میں سے 5 کروڑ 55 لاکھ ووٹرز کی عمریں 18 سے 35 سال کے درمیان ہیں جبکہ 2018 کے عام انتخابات میں ان کی تعداد 4 کروڑ 60 لاکھ (43.82 فیصد) سے کچھ زیادہ تھی۔ ان نوجوان ووٹرز میں، 3 کروڑ 19 لاکھ یا 26.38 فیصد 26 سے 35 سال کی عمر کے گروپ میں ہیں جب کہ 2 کروڑ 35 لاکھ یا 19.46 فیصد افراد کی عمریں 18 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔ ان 2 کروڑ 35 لاکھ نوجوان ووٹرز میں ایک کروڑ 48 لاکھ مرد اور 87 لاکھ 20 ہزار خواتین ووٹرز شامل ہیں جن میں سے اکثر پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 19 دسمبر 2021 کو ہی ہوں گے۔ جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جماعتی اور آزاد حیثیت میں جمع کرانے کا سلسلہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔ اور یہ سلسلہ 10 نومبر 2021 تک جاری رہے گا۔ جس کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے شیڈول میں عوام اور سیاسی جماعتوں کو سہولت دینے اور انتخابی عمل میں تمام طبقات کی زیادہ سے زیادہ شمولیت اور شرکت کو یقینی بنانے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 10 نومبر تک توسیع کی ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا بذات خود ان اضلاع میں انتخابی امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔