حکومت اور ٹی ٹی پی میں جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا: فواد چو دھری
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سیز فائر معاہدے پر آمادہ ہو گئی۔ ایک ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا تذکرہ کیا تھا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات ہو رہے ہیں۔ یہ مذاکرات آئین کے تحت ہو رہے ہیں۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان عبوری حکومت نے مذاکرات میں کردار ادا کیا۔ یہ بھی بہت خوش آئند ہے کہ پاکستان کے یہ علاقے طویل عرصے کے بعد مکمل امن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ مذاکرات میں پیشرفت کے مطابق فائر بندی میں توسیع ہو گی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان مذاکرات میں متاثرہ خاندانوں کو قطعی طور پر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی کرونا وائرس کی وباء کے خلاف شاندار حکمت عملی کو پوری دنیا نے سراہا‘ اسی حکمت عملی کی بدولت آج ہمارے حالات دنیا کے مقابلے میں کہیں بہتر ہیں‘ سیاسی مخالفین کا کام مایوسی اور جھوٹ پھیلانا ہے۔ فواد حسین نے کہا ہے کہ مزدور، کسان، صنعتکار تمام کی آمدنیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ چھ سے آٹھ ماہ میں عالمی قیمتیں بھی نارمل ہونا شروع ہو جائینگی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کرونا کیخلاف شاندار حکمت عملی جسے پورے دنیا نے سراہا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ آج پاکستان کی انڈسٹری بحال ہو چکی ہے۔ کنسٹرکشن سیکٹر پوری طرح فعال ہے، زرعی معیشت خوشحال ہے۔کالعدم ٹی ٹی پی نے ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔ کالعدم ٹی ٹی پی نے کہا ہے کہ جنگ بندی 9نومبر سے 9 دسمبر تک رہے گی۔ فریقین کی رضامندی سے جنگ بندی میں توسیع کی جا سکتی ہے۔