• news

چینی کے نر خوں میں استحکام کیلئے مو ثر اقدامات جاری رکھے جا ئیں: عثمان  بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سعودی عرب سے پرائس کنٹرول کمیٹی اور صوبائی انتظامیہ کو چینی کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لئے ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ چینی کے نرخوں میں استحکام لانے کے لئے مؤثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں اور سرکاری نرخ سے زائد پر چینی بیچنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے۔ انتظامی افسر دفتروں سے نکل کر مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کریں۔ چینی کے ریٹ کو مانیٹر کیا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھا جائے۔ حکومت چینی کی دستیابی او رمقررہ نرخ پر فروخت یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔  صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ناجائز منافع کی آڑ میں عام آدمی کا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ مافیا کی سرکوبی کے لئے ہر ممکن انتظامی اقدام کیاجا رہا ہے۔ چینی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ صوبے کے عوام کا مفاد بے حد عزیز ہے، کسی کو من مانی نہیں کرنے دیںگے۔ چینی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ روکنے کیلئے ہر آپشن استعمال کیا جائے گا۔ محکمہ خوراک، صنعت اور زراعت مربوط کوآرڈینیشن کے تحت چینی کے نرخوں میں استحکام کیلئے اقدامات کریں۔ پنجاب میں چینی کی کوئی قلت نہیں، وافر ذخائر موجود ہیں۔ چینی کی قیمت میں بلاجواز اضافے اور ذخیرہ اندوزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے مشیر حاجی جاوید اختر انصاری کے بھائی حاجی امین انصاری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر پیغام میں کہا ہے کہ اقبال نے شاعری اور افکار کے ذریعے مسلمانوںکو خواب غفلت سے بیدار کیا۔ شاہین کو استعارہ بنا کر نوجوانوں کو خود ی کا پیغام دیا۔ اقبال مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کے بہت بڑے داعی تھے۔

ای پیپر-دی نیشن