اپوزیشن‘ جماعتوں کا پارلیمنٹ میں اتحاد‘ بد اعتمادی کی فضا بھی قائم
اسلام آباد (رانا فرحان اسلم/خبر نگار) مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادی جماعتوں کیساتھ پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹ ہاؤس میں اتحاد کے بعد بھی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے مابین بد اعتمادی کی فضا قائم ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ کا بیان اور ترجمان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حافظ حمداللہ کی جانب سے بیان پر شدید ردعمل غیر فطری اتحاد کا واضح ثبوت ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن ) کے صدر قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے تمام اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور اراکین کیلئے عشائیے کا انعقاد کیا گیا۔ جسکا مقصد پارلیمنٹ کے آمدہ مشترکہ اجلاس کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا تھی تاہم اس اجلاس سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنما قمرالزمان کائرہ کی جانب سے مسلم لیگ ن کے بیک ڈور رابطوں کے حوالے سے ایک بیان دیدیا گیا۔ جس پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللہ نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے غیر فطری اتحاد پر دونوں سیاسی جماعتوں کے مابین بد اعتمادی کی فضا تاحال قائم ہے۔ اسی بد اعتمادی کیوجہ سے پیپلز پارٹی پی ڈی ایم سے الگ ہوئی تاہم حکومت کی جانب سے مشترکہ اجلاس میں پیش کئے جانیوالے بلوں کو مخالفت کیلئے ایک بار پھر ساری اپوزیشن متحد ہوگئی ہے۔