• news

اقبال کے فلسفہ خودی نے مسلمانوں میں جذبہ آزادی بیدار کیا: شیخ رشید 

اسلام آباد (نیوز رپورٹر‘ خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکیم الامت علامہ محمد اقبال کی تعلیمات ہی تصور پاکستان کی بنیاد بنیں، ان  کا فلسفہ خودی پوری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے   ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کے 144 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں  نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کوخود انحصاری اور  خوداعتمادی کا انمول درس دیا۔  اقبال کے فلسفہ خودی نے مسلمانوں میں جذبہ حمیت اور آزادی پیدا کیا۔ علامہ اقبال کی تعلیمات ہی تصور پاکستان کی بنیاد بنیں۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ تمام اہل وطن اور ملت اسلامیہ مفکر اسلام اور عظیم فلسفی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کوبھرپور خراج عقیدت پیش کر رہی ہے، 9 نومبر کا دن ہمیں اقبال کی تعلیمات کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی سوچنا چاہئے کہ انہوں نے جو کامیابی کی راہ ہمیں دکھائی اس پر ہم نے کتنا عمل کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  علامہ محمد اقبال کے 144 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ آج کے دن ہم نے عہد کرنا ہے کہ علامہ اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ہم پہلے سے بھی زیادہ اور سخت محنت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن