خضدار‘ تخریب کاری کا منصوبہ ناکام‘ 2 دہشتگرد مارے گئے
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) سی ٹی ڈی بلوچستان نے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کر کے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمدکر لیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی بلوچستان کو مصدقہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ کے مبینہ دہشت گرد حب شہر میں دہشت گردی کی کارروائی کرنے کے لیے سب تحصیل سارونہ ضلع خضدار سے سسی پنوں روڈ کے راستے منتقل ہو رہے ہیں۔ اس اطلاع پر سی ٹی ڈی کی ٹیم موقع پر پہنچی اور دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنے کا کہا گیا جس پر دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلہ میں سی ٹی ڈی ٹیم نے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ جبکہ 2 سے 3دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے 2 9 ایم ایم پستول، 4 میگزین 34 راؤنڈز، 2 ہینڈ گرنیڈ، ایک موٹر سائیکل، فرسٹ ایڈ کٹ بشمول مختلف ادویات برآمد کر لیں۔ جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق واقعہ کی ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی خضدار میں درج کر کے نیٹ ورک کے باقی ارکان کی گرفتاری کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔