• news

پنجاب میں ڈینگی کے زید 6مریض جاں بحق ، بخار کی دوامارکیٹ سے غائب

لاہور (سٹی رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی پر قابو نہ پایا جا سکا جبکہ بخار کی دوا مارکیٹ میں نایاب ہوگئی۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ڈینگی کے 456 جن میں سے لاہور میں 333 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ ڈینگی بخار سے مزید 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور مرنے والے پانچ مریضوں کا تعلق لاہور اور ایک کا راولپنڈی سے ہے۔ رواں سال پنجاب میں اب تک ڈینگی کے 19 ہزار 21 اور لاہور میں 14 ہزار 145 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ صوبے میں ڈینگی بخار سے 75 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں کا رش برقرار ہے اور سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں ایک ایک بیڈ پر دو دو مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈینگی بخار میں استعمال ہونے والی دوا کی 3 کروڑ 24 لاکھ گولیاں مارکیٹ میں بھجوائی گئی ہیں تاہم صورت حال یہ ہے کہ لاہور میں یہ دوا اب بھی نایاب ہے اور شہری دوا نہ ملنے پر سخت پریشان ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کے ترجمان عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 2 ہزار 196 مریض داخل ہیں، پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے لیے 5 ہزار 517 بستر مختص کیے گئے ہیں۔ ڈینگی کے مریضوں کی آسانی کے لیے لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں بھی بستروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن