• news

افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی اتحاد کی ضرورت: جنرل باجوہ

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا نے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔  آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔  یورپی یونین کی سفیر نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور علاقائی استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا۔ یورپی یونین کی سفیر نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ دوسری جانب برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی حالیہ پیش رفت سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال اور متوقع انسانی بحران سے نمٹنے کے لئے عالمی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں برطانیہ کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ برطانوی سفیر نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار، علاقائی استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا اور ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن