• news

ایم ڈی کیٹ امتحانات اور ریگولیشن کیخلاف کیس، پی ایم سی سے دلائل طلب

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے ایم ڈی کیٹ امتحانات اور ریگولیشن کے خلاف کیس میں آئندہ سماعت پر پی ایم سی سے دلائل طلب کرلیے۔گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزاران کے وکلاء نے کہاکہ قانون کے مطابق وہ طلباء جو باہر سے پڑھ کر آئے وہ غیر ملکی ہی تصور ہونگے۔ یہ قانون ایم ڈی کیٹ، پی ایم ڈی سی، بی ڈی ایس اور ایم بی بی ایس کے لئے بھی ہے۔ عدالت نے استفسار کیاکہ کیا سمندر پار پاکستانیوں کے لئے کوئی کوٹہ سسٹم ہے؟، جس پر وکیل نے کہاکہ قانون کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کے لئے کوٹہ سسٹم موجود ہے،عدالت نے کہاکہ اگر آپ سمندر پار پاکستانی ہیں تو آپ کو یہی ایم ڈی کیٹ کرنا ہوگا۔ جس پر وکیل نے کہاکہ ہزاروں طلباء ایم ڈی کیٹ امتحانات دینا چاہتے ہیں مگر انکو مواقع فراہم نہیں کیے جا رہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 22 نومبر تک کے لئے ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن