ٹرائیکا پلس کا اجلاس آج‘ متقی کی قیادت میں افغان وفد اسلام آباد پہنچ گیا
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کے حوالے سے ٹرائیکا پلس کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں شرکت کیلئے وزیر خارجہ امیر خان متقی کی سربراہی میں افغان وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ اجلاس میں افغانستان‘ امریکہ‘ روسی فیڈریشن اور پاکستان کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان شرکت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کے مطابق اجلاس کا افتتاح وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔ پاکستان امید ظاہر کرتا ہے کہ ٹرائیکا پلس اجلاس کی پیش رفت افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ائر پورٹ پر وزیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق نے افغان وفد کا استقبال کیا۔ افغان وفد 3روز اسلام آباد میں قیام کرے گا۔