• news

نیب نے 519ارب وصول، متا ثر ین میں 502ارب تقسیم کئے: حکومت 

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی کو حکومت نے آگاہ کیا ہے کہ موجودہ چیئرمین نیب کی میعاد عہدہ کے دوران وصولیوں کے ضمن میں نیب نے 519ارب روپے سے زائد کی رقم وصول کی ہے۔ متعلقہ سرکاری اداروں اور مختلف گھپلوں کے متاثرین کو 502ارب روپے سے زائد کی رقم منتقل کی گئی ہے۔  پاکستان پوسٹ اب خسارے میں چلنے والا ادارہ نہیں رہا کیونکہ یہ اپنے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے مسلسل اپنی آمدن حاصل کر رہا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی کا اجلاس  پینل آف چیئر کے رکن امجد علی خان کی صدارت میں ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران طاہرہ اورنگزیب کے ماڈل کورٹس سے متعلق سوال کے تحریری جواب میں وزارت قانون نے ایوان کو بتایا کہ معلومات وزارت میں دستیاب نہیں ہیں، کیونکہ ماڈل کورٹس کا قیام وفاقی حکومت کا کام نہیں ہے۔ ماڈل کورٹس سپریم کورٹ  کے زیر انتظام ہوتی ہیں، رجسٹرار سپریم کورٹ اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی سے التماس کی گئی ہے مطلوبہ معلومات فراہم کی جائیں، جونہی یہ معلومات حاصل ہو جاتی ہیں تو قومی اسمبلی میں پیش کر دی جائیں گی۔ رکن اسمبلی سید محمود شاہ کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے توانائی  حماد اظہر نے ایوان کو بتایا کہ 111ارب کی ٹرانسمیشن لائنز  اگلے تین سالوں میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں بچھ رہی ہیں۔ رکن اسمبلی مریم اورنگزیب کے سوال کے جواب میں حماد اظہر نے ایوان کو بتایا کہ ہم نے تو کوئی بجلی گھروں سے سودا نہیں کیا۔ تمام مسلم لیگ (ن)  کے کیے ہوئے سودے ہیں۔ ایک ضمنی سوال کے جواب میں حماد اظہر نے بتایا کہ پیسکو اور تمام ڈسکوز میں سٹاف کی کمی ہے۔ پیسکو نے لائن مین اور میٹر ریڈرز کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس 7فروری 2020 سے ماڈل کورٹس کے سوال پر جواب نہ آنے پر اپوزیشن رکن طاہرہ اورنگزیب برہم ہو گئیں۔ عبدالقادر مندوخیل نے کہا کہ ہمیں بتائیں ہم آپکو ماڈل کورٹس کا جواب لیکر دیتے ہیں، یہ نااہل حکومت ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری نے کہا کہ بیان بازی اور تضحیک آمیز رویہ ہمیں بھی اختیار کرنا آتا ہے۔ رکن اسمبلی نفیسہ خٹک کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت قانون نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی منظور شدہ آسامیوں کی تعداد 10 ہے جس میں سے 4آسامیاں خالی ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون ملیکہ بخاری نے ایوان کو بتایا کہ آسامیاں پر کرنے کا طریقہ کار آئین کی شق میں درج ہے۔ رکن اسمبلی سید آغا رفیع اللہ کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت مواصلات نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان پوسٹ اب خسارے میں چلنے والا ادارہ نہیں رہا  کیونکہ یہ اپنے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے مسلسل اپنی آمدن حاصل کر رہا ہے۔  وقفہ سوالات کے بعد  اجلاس کا بقیہ ایجنڈا نمٹائے بغیر اجلاس جمعہ تک ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس میں شاہ محمود قریشی کے بھائی مخدوم احمد حسن کی وفات پر فاتخہ خوانی کی گئی۔ مرحوم کیلئے عبدالاکبر چترالی نے دعا کرائی۔

ای پیپر-دی نیشن