• news

او آئی سے وفد کا دورہ کنٹرول لائن ، کشمیر ، بھارتی مظالم پر بر یفنگ

 اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے خصوصی ایلچی برائے جموں و کشمیر یوسف الدوبے اور اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل طارق علی بکیت نے اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کے چیریکوٹ سیکٹر کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وفد میں برادر اسلامی ممالک سعودی عرب، مراکش، سوڈان اور مالدیپ کے5 سینئر سفارت کار بھی شامل تھے۔ وفد کو ایل او سی پر سکیورٹی کی تازہ ترین صورتحال اور ڈی جی ایم اوز کی مفاہمت سے پہلے اور بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وفد کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران اور بھارتی مظالم پر بھی بریفنگ دی گئی۔ مندوبین نے بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے دوران بلااشتعال فائرنگ سے متاثرہ خاندانوں سے بھی بات چیت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وفد لائن آف کنٹرول کے دورہ کے بعد مظفرآباد پہنچا جہاں انہوں نے صدر آزاد جموں و کشمیر سے ملاقات کی اور تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے علاقے کے مکینوں سے بھی بات چیت کی۔ وفد آج 11 نومبر کو پناہ گزینوں کے کیمپ اور ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کا دورہ کریں گے۔ بعد ازاں، وفد مظفرآباد میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے انڈیا اور پاکستان سے ملاقات کرے گا۔ وفد وزیراعظم آزاد کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمنٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن