• news

فیورٹ انگلینڈ بھی با ہر نیوزی لینڈ فا ئنل میں ، پاکستان ، آسٹر یلیا  آج مد مقا بل

لاہور (سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ انگلینڈ کو 5وکٹوں سے ہرا کر پہلی بار  ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش ٹیم نے 4 وکٹوں پر 166 رنز بنائے۔ جونی بیئرسٹو 13 ‘جوز بٹلر نے 29 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملان نے 30 گیندوں پر41 رنز اور معین علی نے ناٹ آؤٹ 37 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ لیام لونگسٹن کے 17 رنز کیساتھ انگلش ٹیم 166 کے مجموعے تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔ ٹم سائوتھی ‘ایڈم ملنی ‘ایش سوڈھی اور جیمز نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے ہدف  19اوورز میں 5وکٹوں پر پورا کرلیا ۔ مارٹن گپٹل چار‘ کپتان کین ولیم سن پانچ ‘ ڈوین کانوے چھیالیس‘گلین فلپس دو اور جیمز نیشم چھبیس رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ڈیرل مچل نے ناقابل شکست 72رنز بنائے۔ کرس ووکس اور لیام لونگسٹن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج دوسرے سیمی فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے دبئی میں کھیلا جائیگا۔  آسٹریلیا کی ٹیم نے 2012ء کے بعد پہلی مرتبہ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم نے بھی آخری مرتبہ 2014ء میں ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ آسٹریلین ٹیم ایک مرتبہ بھی ٹی20 چیمپئن کا تاج سر پر نہیں سجا سکی۔ پاکستان اور آسٹریلیا 23 مرتبہ آمنے سامنے آچکے ہیں‘ پاکستان نے 13 میچ جیتے جبکہ آسٹریلیا 9 میں کامیاب ہوا اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کو آسٹریلیا پر واضح برتری حاصل ہے۔ گرین شرٹس نے آسٹریلیا کیخلاف مجموعی طور پر 8 میچز کھیلے اور 6 میں فتح سمیٹی۔ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں 7 مرتبہ مدِ مقابل آئیں‘ پاکستان 5 مرتبہ کامیاب رہا۔ قومی کرکٹرز نے گزشتہ روز آئی سی سی اکیڈمی میں سیمی فائنل مقابلے کیلئے تیاری کی۔ کوچز کی زیر نگرانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ ‘بائولنگ ‘بیٹنگ ‘ فیلڈنگ اور جسمانی فٹنس پر توجہ دی ۔ سیمی فائنل سے قبل پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان اور شعیب ملک بیمار پڑ گئے ہیں۔ میڈیا منیجر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ محمد رضوان اور شعیب ملک فلْو کا شکار ہوگئے ہیں۔ ان دونوں کے کرونا ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جو کلیئر آئے ہیں۔ ڈاکٹر نے محمد رضوان اور شعیب ملک کو آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ڈاکٹر آج دونوں کھلاڑیوں کا چیک اپ کریں گے۔ دونوں نے گزشتہ روز پریکٹس میں بھی حصہ نہیں لیا۔ ذرائع کے مطابق شعیب ملک اور محمد رضوان کی جگہ سرفراز احمد اور حیدر علی کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ سابق کپتان سرفراز احمد پریکٹس سیشن کے دوران بھرپور بیٹنگ کی پریکٹس کرتے نظر آئے۔

ای پیپر-دی نیشن