گھبرائے بغیر کرکٹ کھیلیں، قومی ٹیم کو ہرانا تقریبا ناممکن ہے: رمیز راجہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہاہے کہ موجودہ قومی ٹیم کو ہرانا تقریباً ناممکن ہے۔پاکستانی ٹیم کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ایک غیر مستقل مزاج ٹیم ہے، ایک میچ جیتتی ہے تو دو ہار جاتی ہے اور دو جیتتی ہے تو تین ہار جاتی ہے لیکن ورلڈکپ میں مسلسل 5 میچز جیت کر غیر مستقل مزاجی کا ٹیگ اتارنا ایک بہت بڑا معرکہ ہے۔ پورا پاکستان کرکٹ ٹیم کی وجہ سے اکٹھا ہے، پاکستانی ٹیم کی اچھا کھیلنے کی وجوہات کیا ہیں؟ کئی بار آپ کلک کر جاتے ہیں اور کئی بار آپ دلبرداشتہ ہو جاتے ہیں، کئی بار آپ کا ردھم بن جاتا ہے جیسے ہمارا 92 ء کے ورلڈکپ میں بنا تھا، خود پر اتنا اعتماد ہو جاتا ہے کہ آپ سمجھتے ہیں کہ دنیا کی کوئی طاقت آپ کو ہرا نہیں سکتی۔پھر اگر آپ سر نیچے پھینک کر عاجزی کیساتھ کرکٹ کھیلتے ہیں تو اس کے نتائج بھی آپ کو ملتے ہی ملتے ہیں، یہ جو عاجزانہ رویہ تھا، جس طرح سے بابر اعظم نے اس ٹیم کو لیڈ کیا وہ بہت ہی شاندار ہے۔ میں تین 3 ورلڈکپ کھیلا ہوں اور بطور کھلاڑی ورلڈکپ کھیلنا بہت مشکل ہوتا ہے، آپ پر دنیا جہاں کا پریشر ہوتا ہے اور کئی بار آپ اپنی توقعات سے ہی دب جاتے ہیں مگر ورلڈکپ میں ٹیم کو لیڈ کرنا اور اس طرح سے لیڈ کرنا ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ دو میچ اور رہ گئے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ ٹیم اسی طرح سے کھیلتی جائے گی، پاکستان دو تین محاذوں پر اس ورلڈکپ میں بہت اچھی طرح سے ٹیسٹ ہوا ہے، بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کا مزاج چیک ہوا، اس میچ میں پاکستان کو 100 میں سے 100 نمبر ملے، نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں آپ کی سٹریٹجی، تیکنیک اور گیم پلان ٹیسٹ ہوا تو آپ نے اچھی فیلڈنگ، سٹریٹجی اور تیکنیک کو مات دی، پھر افغانستان سے جذبات کا میچ تھا، ایک ٹف میچ تھا اور آپ کو سپن کے خلاف اپنی گیم دکھانی تھی، تینوں محاذوں پر پاکستان بہت اچھا کھیلا ہے۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے حوالے سے کہا کہ اب باقی آ جاتی ہے بات ایک بڑے میچ کی، ناک آؤٹ سٹیج میں اگر آپ بیٹر ہیں تو آپ کو گیند کو دیکھنا ہے، پراسس کو فالو کرنا ہے اور آپ کی باڈی لینگویج اسی طرح سے مضبوط ہونی چاہیے جیسی پچھلے میچز میں تھی، جیت اور ہار تو اوپر والے کے ہاتھ میں ہے لیکن آپ کا جو عاجزانہ طریقہ ہے وہی آپ کو آگے لیکر جائے گا، پورا پاکستان آپ کیلئے دعائیں کر رہا ہے۔قومی ٹیم کے کپتان کیلئے اپنے پیغام میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا بابر اعظم کے لیے یہی پیغام ہے کہ کچھ تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہے، آپ کا کمبی نیشن بنا ہوا ہے، اپنے آپ کو اٹھانا ہے، جتنا بڑا مقابلہ ہے اتنا ہی بڑا ہیرو بننے کا چانس ہے، اتنا ہی بڑا چانس ہے دنیا کو بتانے کا کہ ہم دنیا کی بہترین ٹیم ہیں، اپنے آپ کو آپ یہی بتائیں کہ آپ ہار نہیں سکتے اور مجھے یقین ہے کہ اس ٹیم میں یہ احساسات پیدا ہو چکے ہیں کہ انہیں کوئی ہرا نہیں سکتا تو چاہے آسٹریلیا اور یا فائنل میں کوئی بھی ہو آپ نے گھبرائے بغیر اپنی بہترین کرکٹ کھیلنی ہے۔ آپ ورلڈ کلاس ہیں، ایک گریٹ کپتان ہیں، فینز اور پوری پاکستانی قوم کی دعائیں آپ کیساتھ ہیں، آپ ہار ہی نہیں سکتے، بطور کرکٹر میں یہ بتا رہا ہوں کہ اس ٹیم کو ہرانا تقریباً ناممکمن ہے لہذا پورے حوصلے کیساتھ میدان میں اتریں اور دنیا کو بتائیں کہ آپ کس برانڈ کی کرکٹ کھیلتے ہیں۔قومی ٹیم کا اعتماد بلند ہے، کوئی بھی کھلاڑی شکست سے خوفزدہ نہیں ہے اور اسی برانڈ کی کرکٹ کھیلنی ہے۔