• news

یورپی یونین اور دنیا کو افغانستان میں استحکام کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا: فواد چوہدری 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ یورپی یونین اور دنیا کو افغانستان کے استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ افغانستان کی موجودہ صورتحال کسی المیہ سے کم نہیں۔ افغانستان کے بارے میں اکانومسٹ کی حالیہ رپورٹ پریشان کن ہے۔ افغانستان میں 23 ملین افراد خوراک کی کمی کا شکار ہیں، بچے بھوک سے ہلاک ہو رہے ہیں، افغانستان کے عوام کی مدد کے لئے پوری دنیا کو آگے آنا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان میں بلغاریہ کی سفیر ارینا گانچیوا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان میں استحکام نہ ہوا تو عالمی دہشت گرد تنظیمیں افغانستان میں اپنے مراکز قائم کر سکتی ہیں۔  بلغاریہ افغانستان کی صورتحال میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم طالبان حکومت کو اس وقت تک تسلیم نہیں کریں گے جب تک خطے کے دیگر ممالک افغان حکومت کو تسلیم نہیں کرلیتے۔ اس موقع پر بلغاریہ کی سفیر نے افغانستان سے غیر ملکی شہریوں اور سفارت کاروں کے انخلاکے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا افغان امن عمل میں کردار لائق تحسین ہے، بلغاریہ افغانستان میں امن کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ علاوہ ازیںچوہدری فواد حسین سے پاکستان تحریک انصاف ڈنمارک کے صدر چوہدری عمران محبوب نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی اور موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال اور اہم پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی قومی معاملات میں دلچسپی اور ملک میں صاف و شفاف نظام کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن