سعد رضوی اور مزید 488 کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے خارج
لاہور (خصوصی رپورٹر+ سٹی رپورٹر) محکمہ داخلہ پنجاب نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی سمیت 488 افراد کا نام فورتھ شیڈول سے خارج کردیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے محکمہ داخلہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سعد رضوی کے علاوہ ٹی ایل پی کے مزید 487 افراد کے نام بھی فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کئے گئے ہیں، اور اب تک 577 افراد کے نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکالے جاچکے ہیں۔ یہ تمام نام متعلقہ اضلاع کی پولیس رپورٹس پر ایکشن لیتے ہوئے فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کئے گئے ہیں، اور اس کے بعد فورتھ شیڈول کی فہرست کو اپ ڈیٹ بھی کردیا گیا ہے۔ تحریک لبیک کے کارکنوں کو تھانوں میں حاضری سے مستثنیٰ قرار دیدیا گیا ہے۔ ان کے بلاک شناختی کارڈ بھی بحال کر دیئے گئے ہیں جس کے بعد ان کے منجمد بنک اکاؤنٹس بھی بحال ہو جائیں گے۔ فورتھ شیڈول میں ایسے افراد کو شامل کیا جاتا ہے جو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت دہشت گردی اور فرقہ واریت کے جرم میں مشتبہ قرار پاتے ہیں۔ متعلقہ ادارے اس مشتبہ شخص یا تنظیم کی نگرانی کرتے ہیں اور ایسے افراد متعلقہ تھانے کو اطلاع دئیے بغیر علاقہ نہیں چھوڑ سکتے اور بعض صورت میں مشتبہ شخص یا ادارے کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کی جاتی ہے۔