• news

دنیا افغان عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے ذمہ داریاں پوری کرے : عمران 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت امن وامان کے حوالے سے  اہم اجلاس  ہوا جس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال سمیت بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سکیورٹی حکام کی جانب سے پاکستان میں سکیورٹی اداروں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور پاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر پلاننگ اسد عمر سمیت متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سمیت خفیہ اداروں اور سکیورٹی ایجنسیز کے اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو افغانستان سے کراسنگ پوائنٹس کے راستے پاکستان آمدورفت اور سکیورٹی امور کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے امن و امان کے قیام کے لئے ضروری ہدایات بھی دیں۔ وزیراعظم عمران خان  سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے بھی ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم نے گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کے فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی ریاض فتیانہ، عالیہ حمزہ، سائزہ بانو، روبیہ جمیل اور نورین ابراہیم، نصراللہ خان دریشک، فضل محمد اور رمیشن کمار وانکوانی نے بھی ملاقاتیں کی ہیں اور اپنے حلقوں کے سیاسی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقاتوں میں معاون خصوصی ملک محمد عامر ڈوگر بھی شامل تھے۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں افغان عوام کا ساتھ دیا ہے۔ عالمی برادری افغان عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی اور ان کے وفد کو یقین دلایا ہے کہ ہم افغانستان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تمام ممکن امداد فراہم کریں گے۔  پاکستان کا سفر کرنے والے تمام افغان شہریوں کو کووڈ۔19 ویکسین فراہم کریں گے۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس آج شام  4 بجے طلب کر لیا۔ جس میں وزیراعظم اہم قومی اور سیاسی امور پر کور کمیٹی کے ارکان کو اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے  مطابق وزیراعظم پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس منسوخ ہونے پر ارکان کو اعتماد میں لیں گے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔  وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو مہیا سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے۔ وزیراعظم عمران خان سے جنوبی پنجاب   کے کسانوں کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کسانوں کے مسائل حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور نہری پانی کی چوری روکنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کو ان کی مصنوعات کی اچھی قیمت ملنی چاہئے۔ کارٹیلائزیشن سے نمٹنے کیلئے متعلقہ  قوانین پر عمل کریں۔ کسانوں کو قرضے‘ کھاد‘ بیج‘ کیڑے مار ادویات پر سبسڈی ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن