• news
  • image

بھاری جوڑا


بیٹا آج شام کی دعوت کی تیاری کر لی؟ وہ اپنی ہتھیلیوں میں مہندی کی خوشبو تلاش رہی تھی جب اسکے کانوں سے یہ آواز ٹکرائی۔۔جی ماں جی ۔۔یہ سوٹ نکالا ہے اور یہ جیولری۔۔"بیٹا یہ سوٹ آپ کی سائیڈ کا ہے ؟ یہ بہت ہلکا ہے ۔آپ نارنجی ساڑھی پہنیں ۔۔وہ بھاری ہے ۔۔اور گلے میں یہ لاکٹ نہیں۔۔وہ موٹی زنجیر والا ہار پہنیں۔۔" 
وہ اس وقت بھاری نارنجی ساڑھی میں ملبوس تھی۔۔گلے میں موٹی زنجیر والا ہار جو شاید پلو کی وجہ سے کسی کو نظر نہیں آ رہا تھا۔۔اس نے سوچا۔۔بھاری کپڑا ، سنہری زیور۔۔یہ سب کیوں؟ کیا اس بات پر مہر کہ پرائے گھر سے آئی دلہن کو ہم نے آسودہ رکھا ہے ؟ اس نے اپنے ارد گرد دیکھا۔۔خاندان کی بڑی بوڑھی خواتین اپنے موٹے چشمے کے پیچھے سے اس کا بغور جائزہ لے رہی تھیں۔۔جیسے سبزی منڈی میں موجود بھنڈی کو ترازو میں ڈالنے سے پہلے جانچا جائے کہ تازہ ہے یا نہیں۔۔اس نے سامنے دیکھا۔شدید گرمی میں اس بھاری بھرکم لباس میں اب اسکو پسینہ آنے لگا تھا۔۔پاؤں میں اونچی چپل نے اس کو اپنی جگہ نہ چھوڑنے پر مجبور کر دیا تھا۔اس نے سامنے دیکھا۔خوشبودار زردہ سرو ہو رہا تھا۔۔اسکی بھینی بھینی خوشبو اسے پاگل کر رہی تھی۔۔لیکن زردے تک رسائی ناممکن نظر آ رہی تھی۔۔کسے بتائے کہ اس وقت اسکی خوشی سنہری زیور میں نہیں بلکہ چوکڑی مار کر زردہ کھانے میں ہے ۔۔اتنے میں دو ننھی بچیاں آئیں۔۔ہم نے بھی نئی پیارے کپڑوں والی دلہن کے ساتھ تصویر اتروانی ہے ۔۔وہ اسکے دونوں جانب کھڑی ہوگئیں۔۔اسنے ایک بار پھر بھرپور مصنوعی مسکراہٹ پیش کی۔۔اور کیمرے کی طرف دیکھ کر مسکرانے لگی۔۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن