میتھیو ویڈ اور سٹوئنس کی شراکت نے پاکستان کو فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا
لاہور( حافظ محمد عمران/سپورٹس رپورٹر) میتھیو ویڈ اور سٹوئنس کی شاندار شراکت داری نے پاکستان کو فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ میچ میں کئی اتار چڑھاؤ آئے لیکن پانچ وکٹیں گرنے کے باوجود آسٹریلیا نے میچ میں کم بیک کیا اور پاکستانی باؤلرز کے تمام حربوں کو ناکام بناتے ہوئے فتح حاصل کی۔ اس دوران پاکستان نے کئی غلطیاں بھی کیں، نو بالز ہوتے رہے جبکہ انیسویں اوور میں حسن علی کے ڈراپ کیچ کے بعد پاکستان کو واپسی کا موقع نہ مل سکا۔ اس سے پہلے ڈیوڈ وارنر نے بہت اچھی بیٹنگ کی۔ شاداب خان کی باؤلنگ بھی اچھی رہی۔ پاکستان نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف روایتی انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ بابر اعظم اور محمد رضوان مخالف ٹیم کے تمام باؤلرز کو پراعتماد انداز میں کھیلتے رہے۔ مچل سٹارک جس باؤلنگ کے لیے شہرت رکھتے ہیں وہ نئے گیند کے ساتھ اس کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے پاور پلے میں غیر معمولی طور پر سپنر گلین میکسویل کو باؤلنگ کروائی۔ پاکستان ٹاس نہیں جیت پایا لیکن فیلڈنگ میں قسمت پاکستان کا ساتھ دیتی رہی، ڈیوڈ وارنر نے ایک کیچ ڈراپ کیا جبکہ ایڈم زمپا نے بھی ایک کیچ ڈراپ کیا۔ آسٹریلوی کپتان کی طرف سے اچھی فیلڈ پلیسنگ کی جبکہ انہوں نے اپنے باؤلرز کا استعمال بھی اچھا کیا۔ محمد رضوان نے ایک اور نصف سنچری مکمل کی۔ بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان کھیلنے کے لیے آئے لیکن وہ مسلسل مڈ وکٹ ایریا میں کھیلنے کی کوشش کرتے رہے لیکن اس وقت وہ یہ کردار نبھانے میں کامیاب نہ ہو سکے البتہ بعد میں انہوں نے کریز پر رہنے اور آخر تک بیٹنگ کرتے ہوئے وہ کردار نبھایا جس کے لیے انہیں منتخب کیا گیا۔ محمد رضوان کو ایک باؤنسر لگا لیکن انہوں نے مسلسل وکٹوں کے درمیان رننگ سے سکور بورڈ کو بھی متحرک رکھا ساتھ ہی موقع ملنے پر بڑے شاٹس بھی کھیلتے رہے۔ آسٹریلوی کھلاڑی دباؤ کا بھی شکار نظر آئے۔ پاکستان کی اننگز کے دوران سٹیڈیم میں کراؤڈ کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ اٹھارہویں اوور میں محمد رضوان مڈ آف کے اوپر سے کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان نے اننگز اٹھارہویں اوور میں مچل سٹارک کو سیدھا چھکا لگایا پھر مڈ وکٹ پر دو رنز بنائے اور اس کے بعد ایک سیدھا چوکا لگایا۔ سات چھکے لگا کر شہرت حاصل کرنے والے آصف علی اس مرتبہ کامیاب نہ ہو سکے اور وہ 19 ویں اوور میں وکٹ گنوا بیٹھے۔ اسی اوور میں سٹیو سمتھ نے فخر زمان کا ایک کیچ ڈراپ بھی کیا۔ آسٹریلیا نے فیلڈنگ میں بہت غلطیاں کیں۔ فخر زمان نے ایک مرتبہ پھر بیسویں اوور میں چوتھے اور پانچویں بال پر چھکے لگائے اور اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔ مچل سٹارک نہ اننگز کے آغاز میں اچھی باؤلنگ کر سکے نہ ہی اننگز کے اختتام پر بیٹرز کو رنز بنانے سے روک سکے۔