انتخابی اصلاحات اور دیگر بلوں پر تعاون کریں،اسد قیصر کا شہباز شریف کو خط
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) قانون سازی کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے ایک اور رابطہ کرلیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے، جس میں اپوزیشن لیڈر سے انتخابی اصلاحات بل سمیت دیگر اہم قوانین پر اتفاق رائے کے لئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ سپیکر اسد قیصر نے خط میں اپوزیشن لیڈر کو یقین دہانی کرائی کہ سپیکر آفس اس ضمن میں حکومت اور اپوزیشن کو بات چیت کے لئے مکمل سہولت فراہم کرے گا۔ اپوزیشن لیڈر اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں، تاکہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی اس پر دوبارہ سے بات چیت کرے۔ انتخابی ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظور ہوچکا ہے، لیکن سینٹ سے منظور نہیں ہوا۔ حکومت نے اس بل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چاہتے ہیں کہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی بل پردوبارہ سے بات چیت کرے۔ سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر الیکشن ترمیمی بل کے معاملے پر ہمیں اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔ بلوں پر غور کرنے اور ترامیم تجویز کرنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کے اتفاق رائے سے قانون سازی سے متعلق متفقہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی کی طرف سے مشاورتی عمل مکمل نہیں ہو سکا۔ امید ہے اپوزیشن لیڈر اس عمل کو بامقصد بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔