• news

خاتون محتسب پنجاب کی رمیزہ مجید نظامی سے ملاقات،وراثتی ہراسمنٹ مسائل پر گفتگو

لاہور (خاور عباس سندھو) خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی نے نوائے وقت دفاتر کا دورہ اور منیجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خواتین کے وراثتی حقوق اور ہراسمنٹ سے متعلق مسائل اور ان کے حل کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی گئی۔ نبیلہ حاکم علی نے بتایا کہ حکومت نے رواں سال خواتین کے وراثتی حقوق کی بروقت فراہمی کے لئے ایک قانون ’’پنجاب انفورسمنٹ آف ویمن پراپرٹی رائٹس ایکٹ 2021 ‘‘ پاس کرکے نافذ کردیا ہے جس کے تحت خواتین کے جائیداد میں حق سے متعلق 3 ماہ کے اندر فیصلہ سنا دیا جاتا ہے جس کے بعد متعلقہ ضلع کے ڈی سی اور پولیس کے ذریعے حق دلایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد کیسز ہمارے دفتر میں ہی حل ہوئے ہیں اور فیصلے سے پہلے پہلے بھائیوں نے بہنوں کو حق دیا ہے۔ انہوں نے اپنے آفس سے متعلق امور، ٹیم ارکان اور ان کی شب و روز محنت کا بھی خصوصی ذکر کیا۔ نوائے گروپ کی منیجنگ ڈائریکٹر و ایڈیٹر رمیزہ مجید نظامی نے حکومت کی طرف سے خواتین کے بنیادی مسائل کے فوری حل کے لئے قانون سازی اور وراثتی حق دلانے کے حوالے سے خاتون محتسب پنجاب کو اختیارات تفویض کرنے کو سراہا۔ نبیلہ حاکم علی نے کہا خواتین کے حوالے سے نوائے وقت گروپ کا ہمیشہ سے موثر کردار رہا ہے، جس پر ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی نے کہا کہ خواتین کو بروقت ریلیف کی فراہمی کے لئے نوائے وقت گروپ حاضر ہے۔ انشاء اللہ خواتین کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ملاقات کے موقع پر خاتون محتسب پنجاب کے کنسلٹنٹ عبدالرشید اور اسسٹنٹ و انچارج پراپرٹی سیکشن حافظ فاروق انور بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن