اوپن مارکیٹ میں ڈالر ریکارڈ178روپے کا سونا سستا
لاہور+اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 70 پیسے اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 176 روپے تک پہنچ گیا ہے۔ فوریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں دن کے اختتام پر ڈالر ایک روپے 60 پیسے کمی سے 175 روپے 80 پیسے پر بند ہوا۔ ملکی تاریخ میں26 اکتوبر کے بعد ڈالر بلند ترین سطح پر بند ہوا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 50 پیسے بڑھ کر 178 روپے پر ٹریڈ ہوتا رہا۔ اس سے قبل 26 اکتوبر کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 175 روپے 27 پیسے پر بند ہوا تھا۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ نے بتایا کہ سٹیٹ بینک کی مداخلت ڈالر کو نیچے لاسکتی ہے اور ڈالر کی سٹہ بازی میں ملوث بینکوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس اضافے کی وجہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے میں تاخیر بتائی گئی۔ دوسری طرف ملک میں سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے اور فی تولہ سونا گزشتہ روز 450 روپے سستا ہوا ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 450 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 28 ہزار 650 روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی فی اونس قیمت 14 ڈالر کم ہونے کے بعد 1849 ڈالر ہو گئی ہے۔