عبدالقادر جیلانی کی احیاء دین کیلئے خدمات بے مثال ہیں: اکبر نقشبندی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)سنی اتحاد کونسل کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد اکبر نقشبندی نے مرکزی جامع مسجد نور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت سیدنا غوث اعظم صدیوں سے لوگوں کے دلوں پر راج کرنیواے سلطان ہیں،آپ کی درگاہ روحانیت کی پارلیمنٹ کا درجہ رکھتی ہے،آپ کے اقوال اور سیرت و کردار مینارہ نور کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا غوث اعظم کی ولادت کا چرچا قیامت تک جاری رہے گا۔انکی احیاء دین کیلئے خدمات بے مثال ہیں آپ نے قرآن و حدیث کی تبلیغ سے اولیاء کا ملین اور مجاہدین کی جماعت تیار کی جہنوں نے غلبہ اسلام کی بھرپور جدوجہد کی،حضرت سیدنا غوث اعظم کی مقدس زندگی زہد و تقوی علم و تدبر،فہیم و فراست،طہارت و پاکیزگی،پابند شریعت اور عشق رسولؐ سے عبارت ہے،آپؐ کی مقدس تعلیمات پر عمل کرکے ہم اپنی دنیا و آخرت کو سنوار سکتے ہیں۔