پاکستان کالعدم ٹی ٹی پی میں ثالثی کرا رہے ہیں‘ امیر متقی‘ افغانستان واپس چلے گئے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ امارات اسلامی کا کوئی فرد نہیں بلکہ بطور پالیسی پوری امارات اسلامی حکومت پاکستان اور کالعدم ٹی ٹی پی کے مابین ثالثی کر رہی ہے، یقین ہے مذاکرات کا مثبت نتیجہ نکلے گا۔ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے امیر خان متقی نے کہا کہ امن کا قیام اور جنگ کا خاتمہ سب کے فائدے میں ہے۔ افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کا کردار ثالث کا ہے اس لیے کسی فریق کی طرف جھکاؤ ظاہر کرنا مناسب نہیں ہے۔ امیر خان متقی کا کہنا ہے کہ خطے میں کسی قوت کو اجازت نہیں کہ لوگوں کو ایک دوسرے کے خلاف ابھارے۔افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی اسلام آباد کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس کابل پہنچ گئے۔ اسلام آباد ہوائی اڈے پر نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے معزز مہمان کو الوداع کیا۔ افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔