ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئن کا فیصلہ آج، نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا مدمقابل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج دبئی میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے میگا ایونٹ کے فائنل کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا، مرائز ایراسمس اور رچرڈ کیٹل بورو فائنل میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔امپائر ایراسمس کا تعلق جنوبی افریقہ جبکہ کیٹل بورو انگلینڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔آئی سی سی کے مطابق بھارت کے نیتن منن ٹی وی امپائر کی ذمہ داری نبھائیں گے، فائنل میں سری لنکا کے کمار دھرما سینا چوتھے امپائر ہوں گے۔ سری لنکا ہی کے رنجن مدھو گالے کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔دونوں ٹیمیں اس سے پہلے کبھی ٹی ٹونٹی کا فائنل جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں ۔ فاتح ٹیم پہلی بار ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئن بنے گی۔نیوزی لینڈ انگلینڈ کو جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی ہے۔کیویز ٹیم سپن کے شعبے میں ایش سوڈھی اور مچل سنٹنر پر انحصار کریگی وہیں بیٹنگ کی ذمہ داری کپتان کین ولیمسن کے کندھوں پر ہوگی۔آسٹریلیا کی ٹیم میں میتھیو ویڈ جیسے جارحانہ مزاج کے کھلاڑی ہیں حو میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلا حیت رکھتے ہیں تو دوسری طرف گلین میکسویل ہیں جو گیند کو گراونڈ کی ہر جانب پھینکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، مچل سٹارک اور پیٹ کمنز بھی کینگروز کی فاسٹ بائولنگ سٹرینتھ میں ہیں۔