اے اللہ ، اخیلافات فادور کر کے ہمیں امت واحد بنا دے ، رائیونڈ اجتماع دعا کیساتھ ختم
رائے ونڈ (نامہ نگار) تبلیغی اجتماع کے آخری روز شرکاء کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ رائے ونڈ میں عالمی اجتماع کا دوسرا مرحلہ اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبیداللہ خورشید، مولانا محمد ابراہیم آف انڈیا نے کہا دعوت و تبلیغ کے اثرات چھ فٹ کے قد پر مرتب ہونے چاہئیں، عبادات کے ساتھ ساتھ اپنے معاملات کی درستگی پر خصوصی توجہ دیں، حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد کی بجا آوری ہی انسانیت کی پہچان ہے۔ یہی دعوت کا عظیم پیغام ہے۔ اللہ کے راستے میں جان، مال اور وقت لگانے والوں سے اللہ تعالیٰ خوش ہوتے ہیں اور اس کے عوض دنیا اور آخرت کی کامیابیاں انہیں نصیب کردیتے ہیں۔ اس لئے دل شکستہ ہونے کی بجائے دعوت کے کام کو اپنائے رکھیں۔ اللہ غیبی طاقت سے آپ کی مدد کرے گا۔ امیر ہونے اور تعلیم یافتہ ہونے سے جنت نہیں ملے گی۔ اللہ کو غرور پسند نہیں، عاجزی اختیار کرنے میں راحت ہے۔ آخری دعا میں دنیا بھر کے مصیبت زدہ مسلمانوں کے لئے خاص طور پر ملکوں کے نام لیکر دعا کی گئی۔ اللہ انسان کی توبہ کا شدت سے منتظر ہے۔ تبلیغ دین کے لئے ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر مبعوث فرمائے گئے اور سب سے آخر میں خاتم النبیین پیغمبر رحمت امام کائنات حضرت محمد رسول اللہؐ کو دنیا کی رہنمائی کیلئے مبعوث فرمایا گیا۔ اللہ کا پیغام بنی نوع انسان تک پہنچانے والوں کو مصائب جھیلنا پڑ تے ہیں۔ افضل ہیں وہ انسان جو انسانیت تک اللہ کا پیغام پہنچانے کیلئے اپنا گھر بار چھوڑ کر اور کاروبار کو ترک کرکے اپنے آپ کو مصیبتوں میں ڈال کر دعوت و تبلیغ کا عظیم مشن انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے مندوبین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا اے اللہ پوری دنیا میں بسنے والے مسلمانوں کی عزت و تکریم کو محفوظ بنادے، امت کے گناہوں سے درگزر فرماکر اپنی رحمتوں کا نزول کردے، امت محمدیہؐ کے درمیان اختلافات ختم کرکے اسے امت واحدہ بنا دے۔ اگر مسلمان دنیا بھر میں اپنا کھویا ہوا وقار حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بارگاہ الٰہی میں رو رو کر اپنی سابقہ گناہ آلود زندگیوں سے توبہ کریں اور آئندہ سے اپنے تمام معاملات قرآن و سنت کے مطابق ادا کرنے کا عہد کریں۔ رائے ونڈ مقامی احباب کی جانب سے تبلیغی اجتماع میں شرکت کرنے والے مندوبین کیلئے ریلوے سٹیشن پر طعام گاہ بنائی گئی۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق بیس ہزار سے زائد افراد نے کھانا کھایا۔ عالمی اجتماع کے ایام میں رش کی وجہ سے متعدد تعلیمی اداروں میں چھٹیاں دی گئی تھیں جو آج (پیر) کے روز معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔ اجتماع کے دوسرے مرحلے کی کارگزاری آج پیش کی جائے گی جس کے بعد دنیا بھر میں تبلیغی جماعتیں روانہ ہو جائیں گی۔