• news

چینی 43روپے سستی ہو گی، سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات پر آگے بڑھیں : فواد چوہدری

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ چینی کی قیمت میں پانچ نہیں، دس نہیں 43 روپے تک کمی آگئی ہے لیکن مجال ہے میڈیا پر یہ خبر بھی آ جائے۔ دراصل ہمارا میڈیا چوبیس گھنٹے صرف سازشوں اور غیر مستحکم ہونے کی نوید پر ہی چلتا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ منفی میڈیا کا فیک نیوز کے ساتھ ربط ملک کیلئے انتہائی خطرناک ہے اسی لئے نئے قوانین ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھیالیس ارب کا جرمانہ شوگر ملز پر مسابقتی کمشن نے کیا ہے اور شوگر ملز والے حکم امتناعی لے کر بیٹھے ہیں، اب عدالتوں سے گزارش ہے کہ ان مقدمات پر جلد فیصلے کریں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات عمران خان یا تحریک انصاف کا ایجنڈا نہیں، یہ ایک قومی ایجنڈا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کیلئے آگے بڑھیں، سیاسی نظام کی بہت بڑی کامیابی ہو گی۔ ایسا انتخابی نظام ترتیب دیا جائے جس کے تحت تمام قیادت انتخابی نتائج پر اعتماد کرے۔وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم 16 نومبر کو 2 رویہ سڑک کا افتتاح کریں گے۔ رواں ماہ بجوالہ جنگل میں 20 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ پنڈ دادن خان کی پسماندگی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔

ای پیپر-دی نیشن