صرف 3وقت گیس حکومتی نالا ئقی ، ملک عمران نیازی کی بے حسی ، کرپشن کا متحمل نہیں : شہباز شریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہبازشریف نے ملک میں گیس کی قلت کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو صرف تین وقت گیس فراہمی کا اعلان حکومت کی بے حسی اور نالائقی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ قدرتی گیس کی عدم فراہمی و بحران حکومت کی نااہلی اور بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سردی ابھی شروع بھی نہیں ہوئی لیکن گھروں اور کارخانوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ عمران نیازی صاحب کیا اچھے دن لائے ہیں؟۔ جبکہ شہریوں کو صرف تین وقت گیس فراہمی کا اعلان حکومت کی بے حسی اور نالائقی ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے خود اعتراف کیاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائم کردہ انفراسٹرکچر سے گیس کے 14 کارگوز لائے جاسکتے ہیں۔ سواپ کیا جائے تو مزید دو یا تین گیس کارگوز اور لائے جاسکتے ہیں جبکہ ملک میں اس وقت 18 مزید کارگوز کی کھپت ہے لیکن حکومت صرف دس کارگوز منگوا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں 300 سے 400 ملین کیوبک فٹ گیس کی قلت ہوگی۔ چولہے، ہیٹر نہیں جلیں گے۔ صنعتوں کو گیس کی عدم فراہمی سے ملک میں پہلے سے موجود تاریخی بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جب سے پی ٹی آئی حکومت آئی ہے، گیس مہنگی سے مہنگی ہورہی ہے جبکہ اس کی فراہمی کم سے کم ہوتی جارہی ہے۔ ملک، عوام اور معیشت عمران نیازی کی نااہلی، کرپشن اور بے حسی کی مزید متحمل نہیں ہوسکتی۔