• news

ناکام اپوزیشن سے خطرہ نہیں ، مدت پوری کرینگے: عثمان بزدار

لاہور(نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے جنوبی پنجاب کے تین اضلاع راجن پور، مظفر گڑھ اور ملتان کے طوفانی دورے کیے۔ وزیراعلیٰ نے مختلف تقریبات میں شرکت کی اور خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کا افتتاح کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ نے راجن پور کے علاقے کوٹ مٹھن میں معروف بزرگ خواجہ غلام فرید کے دربار پر حاضری دی۔ خواجہ غلام فرید کے دربار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی۔ دربار خواجہ غلام فرید کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ دربار خواجہ غلام فرید میں زائرین کیلئے سہولتوں کی فراہمی پر 7کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دربار خواجہ غلام فرید کی تعمیرو بحالی کے پراجیکٹ کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ غلام فرید نے امن اورسلامتی کے پیغام کو پھیلایا۔ موجودہ صورتحال میں خواجہ غلام فرید کے پیغام کو پھیلانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ بزرگان دین نے اپنے کردار اور اخلاق سے لوگوں کو متاثر کیا اوربھائی چارے کا درس دیا۔ وزیراعلیٰ نے دربار پر محفل سماع میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کو اجرک، فریدی ٹوپی اور جبہ پہنایا گیا۔ وزیراعلیٰ کو خواجہ عامر فرید کوریجہ نے تصنیف  ’’دیوان فرید‘‘ پیش کی۔  مشیر حنیف پتافی، ایم پی اے خرم خان لغاری، سجادہ نشین دربار فرید خواجہ معین الدین کوریجہ موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے راجن پور میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار نصراللہ دریشک، ارکان صوبائی اسمبلی اور پارٹی کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع کو ترقی کے سفر میں برابر کا شریک کیا ہے۔ ہرضلع کی یکساں ترقی کیلئے360ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے۔ ماضی میں راجن پور جیسے اضلاع کو ترقی دینے کے بجائے جھوٹے وعدوں سے بہلایا گیا۔ پی ٹی آئی حکومت نے تاریخ میں پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کو 35فیصد سے زائد ترقیاتی بجٹ دیا۔ سابق حکومت نے جنوبی پنجاب کو صرف 17فیصد ترقیاتی فنڈز دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے۔ اپوزیشن اتحاد میں شامل لوگ آپس میں مخلص نہیں۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا بیانیہ عوام مسترد کرچکے ہیں۔ حکومت کو ایسی ناکام اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت مدت پوری کرے گی۔ اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیاہے۔ منتخب نمائندے عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اوران کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھیں۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری، صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک، مشیر حنیف پتافی، ایم پی اے سردار اویس دریشک، ایم پی اے خرم لغاری، تحریک انصاف کے عہدیدار سردار علی رضا دریشک اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے راجن پورمیں چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سردار احمد دریشک ایم پی اے کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں بھی شرکت کی۔ عثمان بزدار نے سردار احمد علی دریشک کو بیٹے کی شادی کی مبارکباد دی۔ نوبیاہتا جوڑے کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی مشیر ایم پی اے عبدالحئی دستی سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماں ٹھنڈی چھاؤں کی مانند ہے۔ ماں کا کوئی نعم البدل نہیں۔ دنیا میں سب سے خوبصورت رشتہ ماں کا ہے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال میں بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی مہم کا افتتاح کیا۔  عثمان بزدار نے کہا کہ خسرہ اورروبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم 15سے27 نومبر تک جاری رہے گی۔ راجن اور مظفرگڑھ کے دورے کے بعد ملتان کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلی ملتان میں مشیر جاویداختر ا نصاری ایم پی اے کی رہائش گاہ پرگئے اوران کے بھائی حاجی امین انصاری کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ ایم پی اے ندیم قریشی اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن