اتحادیوں کے تحفظات دور، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل: ساتھ دینگے، ق لیگ
اسلام آباد+لاہور (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ+ نیوزرپورٹر) حکومت نے انتخابی اصلاحات سے متعلق اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کردیئے ہیں جس کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق) اور دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین نے ملاقات کی جس میں انتخابی اصلاحات، انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی اور اتحادی جماعتوں کے تحفظات کو دور کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے وفاقی کابینہ اجلاس ملتوی کر دیا ہے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کا وفد بریفنگ سے مطمئن نہیں ہوا اور حکومت نے متحدہ سے مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم حتمی فیصلہ مکمل بریفنگ کے بعد مشاورت سے کرے گی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل دوپہر بلانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ اتحادیوں کے اجلاس میں وزیراعظم نے خود اتحادیوں کے سوالات کے جوابات دیئے۔ تحریک انصاف نے اپنی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے دو گھنٹے قبل طلب کرلیا جس کی صدارت وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کل کا دن پارلیمنٹ میں گزاریں گے۔ وزیراعظم اپنے چیمبر میں تحریک انصاف اور اتحادی ارکان سے ملاقاتیں کریں گے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ اجلاس بدھ والے دن ہو گا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم کیو ایم اور ق لیگ ہمارے ساتھ ہیں، اتحادیوں کے جواب وزیراعظم نے خود دیئے۔ پارلیمنٹ کا اجلاس کل ہوگا۔ یاد رہے کہ 10 نومبر کو حکومت نے انتخابی اصلاحات سمیت دیگر معاملات پر اتفاق رائے کے لیے بلایا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کر دیا تھا۔ ادھر مسلم لیگ ق کا پارلیمانی اجلاس ہوا جس میں حکومت کی حمایت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پرویز الٰہی نے حکومتی حمایت جاری رکھنے کے فیصلے کی منظوری دی۔ مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی نے فیصلوں کا اختیار پرویز الٰہی کو دیا تھا۔