نیب کی ریکور کردہ رقم کہاں گئی؟ اپوزیشن کا تحقیقات کیلئے چیئرمین سینٹ کو خط
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے خزانے سے غائب رقم کے معاملے پر اپوزیشن سے مشاورت کی۔ اپوزیشن نے نیب کی ریکور کی گئی رقم کی تحقیقات کیلئے چیئرمین سینٹ کو خط لکھا۔ خط سلیم مانڈوی والا، شیری رحمن اور فاروق نائیک، ن لیگ کے سینیٹر مصدق ملک، سعدیہ عباسی اور انوارالحق کاکڑ نے لکھا۔ ارکان نے تحقیقات کیلئے ذیلی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کیا۔ خط میں کہا گیا کہ نیب کی جانب سے 821 ارب سے زائد رقم واگزار کا دعویٰ کیا گیا۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ قومی خزانہ میں ساری رقم جمع نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ رقم جمع نہیں ہوئی تو کہاں گئی۔ ہاٹ منی کی پاکستان منتقلی اور اس کے اثرات کا بھی ایک اہم معاملہ ہے۔ دونوں معاملات کی تحقیقات کیلئے سینٹ خزانہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی قائم کی جائے۔