• news

وزیراعظم نے پٹرول مہنگا کرنے سے روک دیا: شافع حسین کو فون ، شجاعت کی خیر یت دریافت کی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے پٹرول مہنگا  کرنے سے روک دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم  نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سمری بھیجی گئی تھی جسے وزیراعظم کی جانب سے منظور نہیں کیا گیا اور اب رواں ماہ 15 روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھی جائیں گی۔  پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 3پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 14 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 27 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 72 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔ وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 4 نومبرکی سطح پر برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے شافع حسین کو ٹیلی فون کیا۔ شافع حسین  کے مطابق وزیراعظم نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت  دریافت کی۔ وزیراعظم نے شافع حسین سے گفتگو میں کہا کہ چودھری شجاعت حسین ایک وضع دار سیاستدان ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت رحمت للعالمینؐ اتھارٹی کا جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم کو اتھارٹی کے قیام پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے اتھارٹی سے متعلق  تمام اقدامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم  نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری عاشقِ رسولؐؐ ہے، عشقِ رسول کا سب سے بڑا ثبوت نبی کریمؐ کی سیرت پر عمل کرنا ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اتھارٹی کیلئے جامع میڈیا پلان آئندہ ہفتے پیش کر دیا جائے گا۔ جدید طریقہ کار سے نوجوانوں اور بچوں کی سیرت طیبہ  کی روشنی میں کردار سازی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ بین الاقوامی سطح پر سیرت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور اسلاموفوبیا کا سد باب کرنے کیلئے سفارتخانوں کو آن بورڈ لیا جائے گا۔ یونیورسٹیز اور سکولز کے نصاب میں بھی سیرت طیبہ کی روشنی میں اخلاقیات کی تدریس شامل کی جائے گی۔ اسلام اور سائنس میں ہم آہنگی کو اجاگر کرنے کیلئے تحقیق اور اقدامات بھی اتھارٹی کے مقاصد میں شامل ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ اصول پسندی اور اخلاقیات کا عملی نمونہ تھی۔ میثاق مدینہ انسانی حقوق کا محافظ تھا۔ اسلامی معاشرہ اپنے دور کا سب سے جدت پسند معاشرہ تھا۔

ای پیپر-دی نیشن