بڑی شازش بے نقاب: شہباز شریف، بے وقوفا نہ کہانی نواز شریف کو ملظوم ثابت کرانے کی مہم: وزرا
اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھماکہ خیز خبر ہے بڑی سازش بے نقاب ہوئی۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ سچائی منکشف کرنے کا اﷲ تعالیٰ کا اپنا طریقہ ہے۔ اس سچائی کا ظاہر ہونا عوام کی عدالت میں نواز شریف‘ مریم نواز کی بے گناہی کا ایک اور ثبوت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے والد نواز شریف کی تصویر اور خبر کا تراشہ شیئر کیا جس پر قرآن پاک کی آیت درج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس شخص سے ڈرنا چاہئے جو صبر کرے اور اپنا فیصلہ اﷲ پر چھوڑ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں ظالموں کیلئے بہت بڑا سبق ہے۔ اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سابق چیف جج گلگت بلتستان کا مصدقہ حلف نامہ کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کی بے گناہی روز روشن کی طرح عیاں ہوگئی۔ ہر کردار بے نقاب ہو رہا ہے۔ فواد چودھری کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ بے وقوفانہ کہانی کے ذریعے نواز شریف کو مظلوم ثابت کرانے کی مہم چلا رہے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ بیوقوفانہ کہانیوں کے بجائے نواز شریف ایون فیلڈ اپارٹمنٹس سے متعلق جواب دیں‘ یہ بتائیں مریم نواز کی ملکیت میں دیئے گئے اپارٹمنٹس کیلئے پیسے کہاں سے آئے۔ اربوں کی جائیداد سامنے آ چکی‘ اس کا جواب دیا جائے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ عدلیہ پر حملہ کرنا، ججوں پر الزامات لگانا، ویڈیوز بنانا ن لیگ کی تاریخ رہی ہے، میڈیا میں ایڈیٹوریل چیک ہونا بہت ضروری ہے، چیف جسٹس کے سوموٹو نوٹس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا شمیم کے الزامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کتنا مضحکہ خیز شگوفہ ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان میرے پاس آئے، ہم چائے پی رہے تھے، اچانک چیف جسٹس کو خیال آیا انہوں نے فون اٹھایا کہ فلاں جج کو فون کر دیں۔ رانا شمیم کو چیف جج ن لیگ نے لگایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بدقسمتی سے کسی جج کا نام لے کر اخبار نے اتنی بڑی ہیڈ لائن لگا کر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے سوموٹو کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے سوموٹو نوٹس لینے کے بعد پریس کانفرنس کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کو ان دونوں حضرات کو بھی اپنے سوموٹو نوٹس میں بلانا چاہئے۔