گورنمنٹ ویمن ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی اساتذہ کی اپ گریڈیشن
مکرمی! آپ کے معروف روزنامہ کی وساطت سے حکام بالا کی توجہ اس اہم مسئلے کی طرف کروانا چاہتا ہوں کہ حکومت نے بعض چھوٹے ملازمین کے سکیل اَپ گریڈ کرکے ا یک اچھا قدم اٹھایا ہے لیکن حکومت نے گورنمنٹ ویمن ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں کام کرنے والی خواتین اساتذہ کے سکیل اَپ گریڈ کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ ان اداروں میں کام کرنے والی خواتین اساتذہ ابھی بھی بطور جونیئر ٹریڈ انسٹریکٹر سکیل نمبر 8 میں اور ٹریڈ انسٹریکٹر سکیل نمبر 10 میں کام کر رہی ہے جو کہ ان کے ساتھ بڑی زیادتی ہے ان کی اَپ گریڈیشن کی طرف اس لیے توجہ نہیں دی جا رہی ہے کیونکہ ان کی تعداد کم ہے اور یہ کسی مناسب فورم پر اپنی آواز بلند نہیں کر سکی ہیں جو لوگ تعداد میں زیادہ ہوتے ہیں وہ مل کر احتجاج کر لیتے ہیں اور حکام بالا تک اپنی آواز پہنچا لیتے ہیں اس طرح حکومت ان کی بات سن کر ان کو فائدہ دے دیتی ہے لیکن جو ملازم تعداد میں کم ہوتے ہیں وہ خاموش ہوتے ہیں اور کوئی فائدہ حاصل نہیں کر پاتے ہیں اور حکومت بھی ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دیتی ہے۔ مہربانی فرما کر گورنمنٹ ویمن ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں کام کرنے والی خواتین اساتذہ کی اَپ گریڈیشن کی جائے جونیئر ٹریڈ انسٹریکٹر کو سکیل نمبر 8 کی بجائے سکیل نمبر 10 اور ٹریڈ انسٹریکٹر کو سکیل نمبر 10 کی بجائے سکیل نمبر 12 دیا جائے۔ (محمد اقبال پسرور)