• news

حکومت مدت پوری نہیں کر یگی ، لانے والے غلطی کا اعتراف کر رہے : زرداری

اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے نیویارک پراپرٹی کیس میں زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔ وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کو ضمانت قبل از گرفتاری دے رکھی ہے، ترمیمی آرڈیننس کے بعد یہاں درخواست دائر کر رہے ہیں، نئے آرڈیننس کے بعد نیب کیسز میں ملزموں کی ضمانت کیلئے احتساب عدالت کو اختیار دے دیاگیا ہے۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے پانچ لاکھ روپے مالیت مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو جواب کیلئے نوٹس جاری کرکے سماعت 23 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سابق صدر نے کہا کہ عمران خان کو لانے والے اب اعتراف کر رہے ہیں کہ ان سے غلطی ہوگئی۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ ایک سابق جج نے بیان حلفی دیا ہے کہ ثاقب نثار نے مریم نواز اور نواز شریف کی ضمانتیں مسترد کرنے کا کہا تھا، اس پر آپ کیا کہیں گے؟۔ جواب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ مریم نواز میری بیٹیوں جیسی ہیں، مریم نواز کی درخواست سے متعلق کوئی بات نہیں کروں گا۔ ہم پہلے ہی یہ رستہ دیکھ چکے ہیں۔ ماضی میں جسٹس قیوم کے ساتھ سیف الرحمان اور کچھ دوستوں کی ایک ٹیپ بھی تھی۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم عمران خان کی حکومت کا کائونٹ ڈائون شروع ہوچکا؟ اس پر آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان کو لانے والے اب اعتراف کر رہے ہیں کہ ان سے غلطی ہوگئی۔ اب وہ اس غلطی کو کیسے ٹھیک کریں یہ اللہ کو بہتر معلوم ہے۔ عمران خان کی حکومت مدت پوری نہیں کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن