قومی کرکٹرز کی ڈھاکہ میں پریکٹس، بابراعظم، شعیب ملک آج جوائن کرینگے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور تجربہ کار کرکٹر شعیب ملک بھی ڈھاکہ پہنچ گئے۔دبئی میں کمرشل شوٹ کی وجہ سے بابر اور شعیب ملک نے ٹیم کے ساتھ بنگلہ دیش کا سفر نہیں کیا تھا۔ دونوں کھلاڑی ایک روز قرنطینہ اور کروناٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر آج سکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان اب مکمل فٹ ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز ٹیم کے دوسرے ٹریننگ سیشن کا حصہ بن گئے ہیں۔ڈھاکہ میں جاری ٹریننگ سیشن میں کھلاڑی 3 گھنٹے تک فیلڈنگ، بیٹنگ، اور بائولنگ کی پریکٹس کرکے اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں 50 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹی 20 سیریز میں پاکستان اور بنگلہ دیش کا پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ 19نومبر بروز جمعہ کو میرپور میں کھیلا جائیگا۔دورہ بنگلہ دیش میں شامل قومی ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑی 18 نومبر کو لاہور کے بائیو سکیور ببل میں داخل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام کھلاڑی 21 نومبر کو ڈھاکہ روانہ ہوں گے، جہاں ایک روزہ قرنطینہ کے بعد یہ کھلاڑی 23 نومبر کو سکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔قومی ٹیسٹ سکواڈ 24 نومبر کو چٹاگانگ روانہ ہوگا جبکہ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کھلاڑی 24 نومبر کو لاہور واپس پہنچیں گے۔