• news

جدید اینٹی کرپشن اکیڈمی سنگ میل : چیئر مین نیب

اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے لئے جدید خطوط پر مستقل بنیادوں پر تربیت کو اولین ترجیح دیتاہے۔ نیب نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں جدید پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کی ہے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ نیب ہیڈ کوارٹرز میں جدید پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی قائم کی گئی ہے کیونکہ نیب ہمیشہ اپنے تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے جدید خطوط پر مستقل بنیادوں پرتربیت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ چونکہ تربیت ایک مستقل عمل ہے جوتفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز کے معیار کی بہتری اور اسے برقرار رکھنے کا ایک موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈمی نئے بھرتی ہونے والے نیب افسران کی تربیت کا منصوبہ بنائے گی اور اس کا اہتمام کرے گی۔ اکیڈمی نیب کے ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کے تحت ایک ادارہ ہوگا جو مقررہ طریقہ کار، حدود اور قواعدو ضوابط کے مطابق کام کرے گا۔ چیئرمین نیب نے ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ نیب کی جدید پاکستان اینٹی کرپشن اکیڈ می کا قیام نیب کی تاریخ کا سنگ میل ہے جس سے ایس او پیز، قوانین اور قواعد و ضوابط کے معیاری اطلاق میں نیب کو مدد ملے گی۔ اس سے تمام تفتیشی افسران اور استغاثہ کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ایک معیاری نصاب کی تیاری میں مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن