پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس‘ 10 ارکان غیر حاضر تھے
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن کو پہلے ہی اپنے شکست کا علم تھا اور انہیں اپنے ارکان کی غیر حاضری کا اندازہ تھا جس کی وجہ سے جیسے ہی سپیکر اسد قیصر نے دوباری گنتی کی حکم دیا۔ اپوزیشن ارکان نے گنتی کے عمل کو درہم برہم کر دیا۔ جس پر سپیکر کو آواز کے ذریعے ووٹنگ کرانا پڑی، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سپیکر سمیت اراکین قومی اسمبلی کی ٹوٹل تعداد 341ہے جبکہ سینیٹرز کی تعداد 99ہے جبکہ ایک رکن اسمبلی چھٹی پر اور ایک اسحاق ڈار معطل ہیں۔ جو کل مل کر 442بنتے ہیں۔ مشترکہ اجلاس میں قومی اسمبلی کے حکومتی اراکین کی تعداد 178 اور 48سینیٹرز حاضر تھے جبکہ 2اراکین قومی اسمبلی غیر حاضر تھے جن میں خالد حسین مگسی اور علی نواز شاہ شامل ہیں۔ اسی طرح اجلاس میں حزب اختلاف کے 154رکن قومی اسمبلی اور 50سینیٹرز حاضر تھے۔ جو ٹوٹل 204بنتے ہیں جبکہ 7رکن قومی اسمبلی غیر حاضر تھے جن میں سید نوید قمر، نواب محمد یوسف تالپور، جام عبدالکریم پچار، سردار محمد اختر مینگل، شہناز نصیر بلوچ، آفرین خان، علی وزیر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حزب اختلاف کے ایک سینیٹر ڈاکٹر سکندر میندرو بھی غیر حاضر تھے۔