• news

پنجاب ، ڈینگی سے 5اموات،274نئے مریض ، کراچی میں پر اسرار وائرس

لاہور، اسلام آباد، پشاور، کراچی (آئی این پی، نوائے وقت رپورٹ) صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ نے پنجاب بھر میں ڈینگی سے بچائوکی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ محکمہ صحت نے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے کارروائیاں تیزکردی ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 274 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ گذشتہ روز لاہور سے ڈینگی کے 205 مریض گوجرانوالہ سے ڈینگی کے 18، راولپنڈی میں 16 جبکہ سرگودھا سے 7 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز پنجاب میں ڈینگی بخار کے باعث 5 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ گذشتہ روز پنجاب میں ڈینگی بخار کے باعث ہلاک ہونے والے 4 افراد کا تعلق لاہور جبکہ 1 کا تعلق  وہاڑی سے ہے۔ صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے 1,619  مریض داخل ہیں۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے 1,139 مریض اور  صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 480 مریض داخل ہیں۔ خیبر پی کے میں گزشتہ 24 گھنٹے میں ڈینگی وائرس کے 111 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، اب تک صوبے میں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوچکی ہے۔ سندھ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 46 نئے کیسز سامنے آ  گئے ۔  بدھ کو سندھ میں   24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 46 نئے کیسز رپورٹ ہیں ، جن میں 40 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔ صحت کے ماہرین کے مطابق کراچی میں ڈینگی اور ملیریا جیسی علامات کے لاتعداد مریض سامنے آئے ہیں۔ پراسرار وائرس سے لاحق ہونے والا یہ مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ بچوں‘ بڑوں اور خواتین سمیت کئی افراد نجی اور سرکاری ہسپتالوں میں لائے گئے ہیں جن میں بلند بخار‘ درد سر اور عین ڈینگی یا ملیریا جیسی علامات ہیں۔ ان تمام افراد نے مچھر کاٹنے کی شکایت کی ہے لیکن ٹیسٹ میں ان کا کوئی مرض سامنے نہیں آتا۔ طبی ماہرین نے عوام کو مچھروں سے ہرممکن بچاؤ کی ہدایت کی ہے کیونکہ مریضوں میں ڈینگی‘ ملیریا‘ چکن گونیا سمیت مچھروں سے لاحق ہونے والی تمام بیماریوں کے ٹیسٹ منفی آ رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن