خوش فہمی کاشکار اپوزیشن کی امیدوں پر پانی پھر گیا: عثمان بزدار
لاہور+اسلام آباد (نیوز رپورٹر‘خبر نگارخصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ خوش فہمی کا شکار اپوزیشن کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ اپوزیشن کا غیر جمہوری اور غیر اخلاقی رویہ افسوسناک رہا۔ دعوے کرنے والے شکست پر اجلاس سے راہ فرار اختیار کر گئے- پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تاریخ ساز قانون سازی ہوئی۔ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف اور اتحادی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا بل پاس ہونا خوش آئند ہے اوراس بل کے پاس ہونے سے انتخابات میں شفافیت آئے گی اور نتائج پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔ اپوزیشن شفاف انتخابات نہیں چاہتی۔ اپوزیشن کی جانب سے قانون سازی کی مخالفت ’’چور مچائے شور‘‘ کے مترادف ہے۔ ای وی ایم ووٹنگ سے پاکستان میں شفاف الیکشن کی راہ ہموار ہوگی۔الیکشن کے سوفیصد درست نتائج اخذ ہوں گے جو عوام کا بنیادی اور جمہوری حق ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دے کر تحریک انصاف کی حکومت نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔ اپوزیشن کو اب اپنا منفی رویہ ترک کردینا چاہیے۔ بدقسمتی سے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے لوگ بصیرت سے عاری ہیں۔ اس مفاد پرست ٹولے کو عوام کی کوئی پروا نہیں۔ پی ڈی ایم جب سے بنی ہے اس وقت سے یہ رو رہی ہے اور یہ ٹولہ آئندہ بھی روتا رہے گا۔ ناکام اپوزیشن کی قسمت میں صرف ناکامی ہی آئے گی۔ اپوزیشن 2023تک صبر اور آرام کرے۔ عوام کی حمایت سے تحریک انصاف کے مینڈیٹ کے خلاف ہر سازش ناکام بنائی۔ اپوزیشن ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ اپوزیشن صرف پروپیگنڈا کی ماہر ہے۔ پاکستان کی ناکام ترین اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔ مفاد عامہ کے حوالے سے قانون سازی پر اپوزیشن کا غیر جمہوری رویہ قابل مذمت رہا۔قانون سازی پر اتحادی جماعتو ں نے حکومت کا مکمل ساتھ دیا۔ اپوزیشن کو اہم قومی امور پر ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر سیاست کرنا زیب نہیں دیتا۔ عثمان بزدار نے شیخ رشید احمد کے بڑے بھائی لالہ شیخ رفیق قمر کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے عثمان بزدار نے ملاقات کی اور پنجاب کے انتظامی امور پر اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ کسان کارڈ اور ایگزیکٹو ٹرانسفارمیشن پلان کے مثبت اثرات پر گفتگو کی گئی۔